کابل (این این آئی+نیٹ نیوز)افغانستان میں 4 روز قبل آنے والے زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی۔ ہرات میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے ،ضلع زندہ جان میں 20 سے زائد دیہات مکمل تباہ ہو چکے ہیں۔افغان حکام کا کہنا ہے زلزلے کے نتیجے میں 2 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ ہزاروں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، 35 ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ابھی بھی مکانات کے ملبے تلے لوگ دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ چین نے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے دو لاکھ ڈالر کی رقم افغانستان کے حوالے کر دی ہے۔ یورپی یونین نے مغربی افغانستان (صوبہ ہرات) میں آنے والے حالیہ زلزلے کے متاثرین کیلئے 3.5 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انسانی بنیادوں پر فراہم کردہ یہ رقم متاثرہ آبادی کی انتہائی اہم ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال ہوگی۔اس میں سے 25 لاکھ یورو انسانی ہمدردی کے ایسے شراکت دار اداروں کے لیے دستیاب ہوں گے جو پہلے ہی وہاں پر امدادی کارروائیاں کر رہے ہیں۔یورپین سول پروٹیکشن و ہیومینٹیرین ایڈ کے ادارے کے مطابق یہ نئی امداد 89 ملین یورو انسانی امداد کے علاوہ ہے جو پہلے ہی 2023 میں ملک میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے لیے مختص کی گئی تھی۔