کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن اور چیک پوسٹ پر حملوں میں ملوث دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد اکرام ہلاک ہوگیا، ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔پی پی آئی کے مطابق دہشتگرد نے پولیس اسٹیشن ہتھالا اور روڑی پولیس چیک پوسٹ پر حملے کیے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 9 اور 10 اکتوبر کی درمیانی رات دو آپریشن کیے، دو مختلف آپریشنز میں دو دہشتگرد ہلاک ہوئے۔شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دوسری کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو سراہا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔