ورلڈ کپ میں روہت شرما کی سنچری، کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

ورلڈ کپ میں بھارت کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ روہت شرما نے اپنے نام کرلیا۔

ورلڈ کپ 2023ء کے 9ویں میچ میں افغانستان کے خلاف روہت شرما میگا ایونٹ میں بھارت کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے۔

نئی دہلی اسٹیڈیم میں روہت شرما نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

روہت شرما سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان کپل دیو کے پاس تھا، جنہوں نے 1983ء کے ورلڈ کپ میں 72 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کے نام ہے، جنہوں نے صرف 49 گیندوں پر اپنے 100 مکمل کیے تھے۔

افغانستان کے 273 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 31ویں سنچری اسکور کی۔

روہت شرما آج کی اننگز کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں سب سے زیدہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں، انہوں نے 3 ورلڈ کپ کے 19 میچز میں 7 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 45 میچز کھیلے اور 6 سنچریاں اسکور کیں جبکہ سری لنکا کے کمارا سنگا کارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کی میگا ایونٹ میں 5-5 سنچریاں ہیں.

ای پیپر دی نیشن