اسلام آباد‘ راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپورٹر سے+ وقائع نگار+ جنرل رپورٹر) شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد شہر کا دورہ کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک، شاہراہ دستور، مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے کا تفصیلی معائنہ کیا اور ایس سی او سربراہی کانفرنس کے لئے تزئین و آرائش اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایس سی او سربراہی کانفرنس کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی اور تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر راولپنڈی میں تین دن تک مارکیٹیں‘ بازار‘ شاپنگ مال بند رکھنے کیلئے سی پی او خالد محمود ہمدانی نے تھانہ نیو ٹاؤن میں انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر‘ ایس پی راول اور دیگر سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔ صدر انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ‘ جنرل سیکرٹری راجہ توحید اور دیگر عہدیداران ملاقات میں موجود تھے۔ سی پی او نے انجمن تاجران سے ایس سی او کے حوالے سے کئے جا رہے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی۔ انجمن تاجران کی جانب سے ایس سی او سربراہ کانفرنس کے سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ صدر انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے غیر ملکی معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہونے والے ’’شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس‘‘ کی سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی جواد طارق سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تمام سینئر افسران کو بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کئے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرس کے پیش نظر 12 سے 16 اکتوبر کے دوران شادی ہال،کیفے، ریسٹورینٹ اور سنوکرکلب بندکرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دونوں شہروں میں 14 سے 16 اکتوبر تک چھٹی ہو گی۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر راولپنڈی کے 4 بڑے ہسپتالوں کے لئے بھی الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے علاوہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے نام ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ دریں اثناء کمشنر راولپنڈی انجینئر عبدالعامر خٹک نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کے حوالے سے اولڈ ائیرپورٹ روڈ پر قائم مشترکہ چیک پوسٹ اور اس کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کام کو سراہتے ہوئے اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ‘ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا‘ ایم ڈی واسا سلیم اشرف‘ سی او ایم سی آر‘ اے سی سٹی‘ اے سٹی کینٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس آر ڈی اے کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر کے ہوٹلز/شادی ہالز کو نوٹسز دینے کی تردید کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صرف کلب روڑ پر واقع شادی ہالز اور ہوٹلز کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں کہ شادی ہالز/ہوٹلز ایس ای او کے ایام میں کوئی عوامی فنکشن نہیں رکھیں گے جبکہ ہوٹلز/شادی ہالز کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سرگرمیاں محدود کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ روٹ پر واقع ہوٹلز/شادی ہالز انتظامیہ سے رابطے میں ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹس ملنے کی صورت میں ہی سرگرمیاں محدود کرنا ہونگی۔