لاہور؍ خانقاہ ڈوگراں (این این آئی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 612 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 244ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 54کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 1انڈسٹریل، 18کمرشل، 10زرعی اور 583ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 5 لاکھ 35 ہزار 265یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1 کروڑ 90 لاکھ 16 ہزار 628 روپے ہے۔ دریں اثناء خانقاہ ڈوگراں کی لیسکو ٹیم نے کلسیاں بھٹیاں اور بوہڑ باٹھ میں درجن سے زائد گھروں سے لگائے گئے ڈائریکٹ بجلی کے کنڈے پکڑ کر تاریں قبضہ میں لے لی ہیں۔