پانچ آئی پی پیز کا معاہدوں سے خاتمہ‘ خزانے کو   4 سو ارب کا فائدہ ہو گا: حافظ نعیم الرحمن

Oct 11, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پانچ آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانہ کو چارسو گیارہ ارب کا فائدہ ہوگا جو براہ راست بجلی ٹیرف میں کمی کی صورت میں عوام کو جانا چاہیے۔ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک نے حکومت کو آئی پی پیز سے بات چیت پر مجبور کیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی غیر آئینی ہے، کے پی پولیس نے ان کے احتجاج پر دھاوا بول کر تین لوگ مار دیے‘ صوبائی حکومت اس عمل کی ذمہ دار ہے، پرامن احتجاج ہر کسی کا آئینی حق ہے‘ کسی کو یہ بھی حق حاصل نہیں کہ اپنی ریلیوں میں پاکستان مخالف نعرے لگائے۔ بیرسٹر سیف کے جے شنکر کو ریلی سے خطاب اور مریم نواز کے بھارت سے ماحولیاتی ڈپلومیسی کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں ظلم جاری اور ہمارے ہاں چند لوگوں کو بھارت سے دوستی کے مروڑ اٹھ رہے ہیں‘ یہ وہاں کیوں نہیں چلے جاتے۔ جماعت اسلامی کی مہنگی بجلی گیس کیخلاف تحریک جاری‘کل گجرات میں جلسہ ہوگا، بجلی بلوں کے بائیکاٹ پر عوامی ریفرنڈم کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کسانوں کو مافیا قرار دینے پر شدید تنقید کی اور کہا یہ ان کے ذہن کی عکاسی ہے، یہ اشرافیہ عام لوگوں کو مافیا جب کہ اپنی کلاس کو ریلیف دیتے ہیں۔

مزیدخبریں