سکیورٹی فورسز کے خیبر پی کے  میں2 آپریشنز، 4 خوارج ہلاک

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پی کے  میں مختلف آپریشنز کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 9 اور 10 اکتوبر کو کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔  آپریشن 9 اکتوبر کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج ہلاک ہوئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے حسن حیل میں 10 اکتوبر کو آپریشن کے دوران مزید 2 خوارجی ہلاک کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں، معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن  جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے پْرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن