اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو کی محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد سینٹر شیری رحمن سید نوید قمر اور بیرسٹر مرتضی وہاب کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد آئینی پیکج پر معاملات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور ذرائع بتایا ہے کہ سید خورشید شاہ کی سربراہی میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں آئینی پیکج کے حوالے سے تمام پارلیمانی جماعتوں میں اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی جماعتوں کے درمیان پیکج پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی میاں نواز شریف سے ملاقات میں بیرسٹر مرتضی وہاب اور سید نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے۔ بعد ازاں ان رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور انہیں ملاقات کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور ان میں جو نکات طے پائے ہیں ان کے بارے میں آگاہ کیا اور مولانا اسد محمود کو عمرہ ادائیگی پر مبارکباد بھی دی۔ شیری رحمن نے کہا کہ فضل الرحمان سے ملاقات ہمیشہ اچھی رہتی ہے۔ فضل الرحمن سمیت سب سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ شیری رحمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا کہہ رکھا ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آئینی ترمیم پچیس اکتوبر کے بعد بھی جا سکتی ہے؟ جس پر شیری رحمن نے جواب دیا کہ کیوں نہیں جا سکتی۔ صحافی نے پوچھا، کیا آئینی ترمیم پر کوئی مشترکہ کمیٹی بن سکتی ہے؟ جس پر شیری رحمان نے کہا کہ سب الگ الگ کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ پی پی تو اپنی تجاویز رکھے گی باقی جماعتیں رکھیں گی یا نہیں ان کی مرضی ہے۔
اہم ملاقاتیں، آئینی پیکج پر معاملات آخری مراحل میں، پی پی وفد فضل الرحمن سے ملا
Oct 11, 2024