لاہور؍ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے سپریم کورٹ کے مبارک ثانی کیس میں جاری تصحیح شدہ تفصیلی فیصلہ کو پاکستان کے مسلمانوں کی امنگوں کی حقیقی تصویر ہے۔ عدالت نے 6 فروری اور 24جولائی کے فیصلوں کو نہ صرف واپس لیا بلکہ رسول محتشم ختمی المرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ختم نبوت کے بارے میں آیات قرآنیہ اور احادیث سے دلائل بھی پیش کئے۔ مبارک ثانی کیس پر سپریم کورٹ کا تصحیح شدہ تفصیلی فیصلہ مسلمانان پاکستان کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ امیرجماعت اسلامی کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ تمام اسلامیان پاکستان، عاشقان مصطفیٰؐ اور محافظین ختم نبوت مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے حافظ نعیم الرحمن، مولانا فضل الرحمن، مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، جواد نقوی، مولانا اللہ وسایا سمیت دیگر وکلاء اور پٹشنرز کو بھی مبارک باد دی ہے۔ وفاقی المدارس العربیہ کے نظام اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری کی طرف سے فیصلے کو شریعت اسلامی آئین پاکستان اور حقائق سے ہم آہنگ قرار دیا۔ پوری قوم کو تفصیلی فیصلے کا انتظار تھا۔ تفصیلی فیصلے سے قوم کا اضطراب ختم ہو گا، مولانا محمد حنیف جالندھری نے چیف جسٹس اور دیگر ججز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔