اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے سلسلے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر حتمی مشاورت کی جائیگی۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹوزرداری، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا یہ پانچواں ان کیمرہ اجلاس ہے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار خصوصی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر اور اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔حکومت نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر غور شروع کردیا۔ مشترکہ اجلاس 14 اکتوبر شام کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ مشترکہ اجلاس کے سبب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دورہ سوئٹزرلینڈ ملتوی کردیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی پاکستان میں مصروفیت کے سبب اب آئی پی یو کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ آئی پی یو کانفرنس 13 سے 17 اکتوبر تک جنیوا میں منعقد ہو رہی ہے۔ پرامن اور پائیدار مستقبل کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا آئی پی یو کانفرنس کا ایجنڈا ہے۔
آئینی ترامیم‘ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج طلب‘پیر کو مشترکہ اجلاس کا امکان
Oct 11, 2024