لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز سے ’’بیداری‘‘کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب کی سربراہی میں 36 طالبات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ سپیشل طالبہ کو اپنے قریب بٹھایا اور اظہار شفقت کیا۔ عنبرین عجائب نے ’’بیداری‘‘ کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور طالبات نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات کے ساتھ اظہار شفقت کیا اور بچیوں سے سکولوں کے بارے میں دریافت کیا۔ ملاقات میں گرلز سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اصولی فیصلہ اور پنجاب کے سکولوں میں گرلز کا عالمی دن منانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان کیا۔ اور وویمن ورچوئل سٹیشن، پنک بٹن اور سیفٹی ایپ کے بارے میں آگاہ کیا۔ مریم نواز نے شرکاء کو سی ایم سکول میل پروگرام کی تفصیلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے طلباء کے لئے سکالر شپ، لیپ ٹاپ، ای بائیکس سمیت دیگر پراجیکٹس لا رہے ہیں۔ مریم نواز نے طالبات کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ طالبات نے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں، اللّہ تعالیٰ آپکو مزید کامیابیوں سے نوازے۔ دوسری جانب مریم نواز نے سعودی عرب کے تجارتی وفدکی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے۔ پاک سعودیہ تعلقات قربت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کی قیادت کا عزم ہے کہ پاکستان کوسرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنائیں گے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے لئے سعودی انویسٹرز کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ سعودی سرمایہ کاروں کے لئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں۔ پنجاب میں سعودی انویسڑز کیلئے ایگریکلچر، لائیو سٹاک، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ انرجی، صنعت، سیاحت اور ٹیکسٹائل میں سعودی سرمایہ کاروں کی معاونت کریں گے۔ سعودی عرب پاکستان کے لئے برادر بزرگ کی حیثیت رکھتا ہے، ہر مشکل گھڑی میں سعودی تعاون بے مثال ہے۔ مریم نوازنے عالمی یومِ ذہنی صحت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذہنی سکون اور مثبت خیالات متوازن زندگی کی بنیاد ہیں۔ ذہنی مسائل کا سامنا کرنے والے معاشرتی بے حسی کی بجائے توجہ اور محبت کے حقدار ہیں۔ ذہنی صحت ہی سکونِ دل کی کلید ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بد قسمتی سے ذہنی صحت کے عوامل کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
سعودی وفد کا خیر مقدم، پاکستان کو سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بنائیں گے: مریم نواز
Oct 11, 2024