ننکانہ صاحب : معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب 

ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر میں ہمت کارڈ کی تقسیم کے عمل کا افتتاح کیا اور معذور افراد میں ہمت کارڈز تقسیم کیے ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر منور سمیت دیگر افراد بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے گفتگو کرتے کہا کہ معذور افراد میں ہمت کارڈ کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا انسان دوست اور غریب پرور مثالی اقدام ہے۔ اس پروگرام کے تحت معذور افراد کو تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی امداد کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے،جو پنجاب کی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے۔ تمام رجسٹرڈ معذور افراد کو بلاتفریق اور باعزت طریقے سے رقوم کی تقسیم کی جائیگی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر منور نے بتایا کہ ابتک ضلع بھر سے 1000 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے سیکروٹنی کے بعد 728 معذور افراد کے ہمت کارڈ موصول ہو چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن