یو ای ٹی میں مقیم انٹرنیشنل طلباء کے ہاسٹلز کی تزئین و آرائش کا آغاز 

Oct 11, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹر ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر، ڈاکٹر شاہد منیر نے بین الاقوامی طلباء کے ساتھ ملاقات کی جس کا مقصد ان طلباء کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا اور ان کے حل کیلئے مناسب اقدامات کرنا تھا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر، مختلف شعبہ جات کے ڈینز، انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کی کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز، سینئر وارڈن، ریزیڈنٹ ٹیوٹرز اور ڈپٹی رجسٹرار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سری لنکا، افغانستان، فلسطین اور کینیا سمیت مختلف ممالک کے طلباء  نے انتظامیہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی طلباء  کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی یو ای ٹی کی بین الاقوامی حیثیت کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور طلباء  کو درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے گا۔ طلباء  نے اپنی تعلیمی، رہائشی اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق مسائل وائس چانسلر کے سامنے پیش کیے۔ وائس چانسلر نے تمام مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی طلباء کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیمی ترقی یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یو ای ٹی میں بین الاقوامی طلباء کا تجربہ مثبت اور خوشگوار ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں