لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں لاہور یوتھ فیسٹیول کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھیں۔ تقریب میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر علی مدیح ہاشمی، پروفیسر عباس کھوکھر اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی اور وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے لاہور یوتھ فیسٹیول کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ۔ کیمکولینز پاکستان کا فخر ہیں۔ ڈاکٹرز کا پروفیشن بہت مقدس ہے۔ غیر نصابی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے خوبصورت لاہور یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔دریں اثناء صوبائی وزیر صحت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا آج پوری دنیا میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے منایا جا رہا ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ پاکستان میں ذہنی مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے سب سے بڑی علاج گاہ ہے۔ اسکے بجٹ اور ایچ آر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ جبکہ خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ورلڈ سائٹ ڈے کی مناسبت سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے آئی سکرینگ کیمپس اور سٹالز کا بھی دورہ کیا۔