راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی ویمن یونیو رسٹی میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ایک پروقار محفل نعت کا اہتمام کیا گیا۔ اس بابرکت محفل میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب، شازیہ رضوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال، فیکلٹی کے اراکین، اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد لیکچرر جویریہ طارق اور طالبات نے بارگاہِ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ لیکچرر اسلامیا ت صائمہ بشیر نے امہات المومنین کی پیروی کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ محفل میں موجود شرکا نے حضرت محمدؐ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے، آپؐ ؐؐکی سیرت طیبہ کی پیروی کرنے کا عہد کیا۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ حضرت محمدؐ کے امتی ہیں آپؐ کی اطاعت ہی میں ہماری فلاح ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپؐ کی زندگی ہر پہلو میں ہمارے لیے کامل نمونہ ہے اور اس سے رہنمائی لے کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ایسی روحانی محافل کا انعقاد ہماری طالبات کے اخلاقی اور روحانی تربیت میں معاون ثابت ہوتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ طالبات نبی اکرم ؐ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔
ہم خوش نصیب ہیں کہ حضرت محمدؐ کے امتی ہیں،شازیہ رضوان
Oct 11, 2024