اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے چائنا پاور ریسورسز کے چیئرمین ڑونگ ہائشیانگ اور پورٹ قاسم پراجیکٹ کے چیئرمین ہی شیویو کی قیادت میں ایک چینی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو روز قبل کراچی میں چینی اہلکاروں پر ہونے والے حملے اور چینی کارکنوں کی حفاظت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چینی وفد نے کراچی میں حالیہ واقعے میں دو چینی کارکنوں کی المناک ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چینی کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے چینی اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت اور حکومت پاکستان کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔احسن اقبال نے وفد کو آگاہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کر رہے ہیں اور ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ چینی کارکنوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔