لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے ماں کے ساتھ رہنے والے بچوں کا خرچہ سالانہ دس فیصد کے حساب سے بڑھانے کی درخواست منظور کرلی۔ تحریری فیصلے میں جسٹس شمس محمود مرزا نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل چار کے تحت پسماندہ طبقات کے بنیادی مفادات کا تحفظ بھی آئینی ذمہ داری ہے۔ بچوں کی بقا کا انحصار انکی لازمی کفالت پر ہے۔ درخواست گزار صباء گل نے طلاق کے بعد دو بچوں کے خرچے میں دس فیصد اضافے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے فیصلے کی نقل پنجاب کے تمام سیشن ججوں، فیملی ججوں اور سیکرٹری قانون پنجاب کو بھجوانے کا حکم دے دیا۔