داسو پاور پروجیکٹ حملے کے2 ماسٹرمائنڈ دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں ہلاک ہوگئے

Oct 11, 2024 | 14:28

داسو پاور پراجیکٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ 2 دہشتگرد فرارہونے کی کوشش میں مارے گئے، داسو ہائیڈل پاور پروجیکٹ حملے کے ملزمان کی ساہیوال جیل سے منتقلی کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں دہشت گرد مارے گئے، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں محمد حسین اور ایاز عرف جہانزیب کو سکیورٹی خدشات پر ساہیوال جیل سے منتقل کیا جارہا تھا جہاں سمندری کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ دہشت گردوں کو تھریٹ الرٹ کی بنیاد پرساہیوال جیل سے منتقل کیا جارہا تھا۔ حملے کے ماسٹر مائینڈ سمیت 5 دہشتگردوں کی منتقلی کے دوران حملہ ہوا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کو چھڑانے کیلئے ا ن کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں نے داسو حملے میں ملوث ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش کی۔دہشت گرد محمد حسین اور ایاز فائرنگ کے تبادلے میں موقع پر مارے گئے۔ہلاک دہشتگردوں کے تین ساتھی الگ وین میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔واضح رہے کہ 14جولائی 2021ءکوخیبر پختونخوا ہ کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب حملے میں 9 انجینئرز، دو فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایاگیا تھا کہ واقعہ صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب پیش آیاتھا جب ایک بس برسین کیمپ سے 30 ورکرز کو لے کر پلانٹ کے مقام پر جارہی تھی۔واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں و لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تھا جبکہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے گیا تھا۔شدید زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیاگیا تھا جبکہ ریسکیو 1122 کے ایمبولینسز اور اہلکار بڑی تعداد میں موقع پہنچ گئی تھی۔ چین نے پاکستان سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ حملے کی مذمت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لیجیان کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں، تنظیموں اور منصوبوں کی حفاظت کیلئے کام کرنے والے چینی شہریوں پر حملے میں ملوث مجرمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ چینی سفارت خانے نے داسو ہائیڈورپاور پروجیکٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔بعدازاں پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے چینی وزارت خارجہ کے سینئر حکام کے ساتھ داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب بس واقعے کے مقام کا دورہ کیا تھا۔چینی سفیر کو واقعے پر بریفنگ دی گئی تھی جبکہ چینی کے سفیر نے واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت بھی کی تھی

مزیدخبریں