پاکستانی سٹیج اورڈراموں اورفلموں کے لیجنڈری اداکار عابد کشمیری انتقال کرگئے،عابد کشمیری نے سینکڑوں ٹی وی ڈراموں،سٹیج آور فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے، مرحوم کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے ان کی بیٹی نے بتایا کہ عابد کشمیری کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
لیجنڈری اداکار عابد کشمیری نے سیکڑوں ٹی وی ڈراموں، اسٹیج اور فلموں میں کام کیا ہے۔مرحوم عابد کشمیری کی نمازجنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔مرحوم عابد کشمیر ی کے معروف ڈراموں میں لوہاری گیٹ، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارہ اور اپنے لوگ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں، ڈرامہ سمندر میں عابد کشمیری کا کردار گلو بادشاہ بہت مقبول ہوا تھا۔ عابد کشمیری نے ڈراموں، فلموں اور اسٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھائے،انہیں 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بازار حسن‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کیلئے نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جبکہ ان کی مشہور فلموں میں جیتے ہیں شان سے اور آہٹ بھی شامل ہیں۔دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نامور اداکار عابد کشمیری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار مظہر علی انتقال کر گئے تھے۔ اداکار مظہر علی دل کے عارضے میں مبتلا اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔وہ طویل عرصے سے دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے۔ وہ فیملی سمیت کینیڈا میں مقیم تھے اور کچھ عرصہ قبل پاکستان آئے تھے۔اہل خانہ نے مظہر علی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد مغرب طیبہ مسجد ناظم آباد نمبر 3 میں ہوگی۔ مرحوم اداکار مظہر علی نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ 'افشاں' اور 'عروسہ' سے کیا، اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی وی کے ڈرامے 'گرہ' اور 'ہالہ' سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی تھی۔1980 اور 90 کی دہائی میں طویل عرصے تک ٹی وی ناظرین کو اپنی لاجواب اداکاری کے سحر میں جکڑے رہنے والے پاکستان ٹی وی کے مایہ ناز ورسٹائل اداکار مظہر علی نے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ڈراموں میں ہیرو کا کردار نبھانے والے مظہر علی کا عروسہ میں کردار قدرے منفی شبیہہ لئے ہوئے تھا اور انہوں نے اس کردار میں اتنی ڈوب کر اداکاری کی تھی کہ ناظرین بھی ان کی ورسٹائل اداکاری کے معترف ہوگئے تھے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں عروسہ، افشاں، شاہین، خدا اور محبت، ہالہ، آسمان تک دیوار، بھروسہ، اب انتظار کر، کالی دیمک، کانچ کی گڑیا سمیت درجنوں ڈرامے شامل تھے۔