یونیفکیشن بلاک نہ ہوتا تو پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کو ہضم کرچکی ہوتی: عطاءمانیکا

لاہور (خبرنگار خصوصی) فارورڈ بلاک نے سینئر وزیر راجہ ریاض کے اس بیان کا کہ ہم نہ ہوتے تو منتخب حکومت لوٹوں کے ہاتھوں یرغمال ہوتی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی حکومت پر گورنر راج کے ذریعے ڈاکہ مارنے والوں کی حالت الٹا چور کوتوال کو ڈانٹنے والی بات ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اگر یونیفکیشن بلاک نہ ہوتا تو پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام کی منتخب حکومت کو ہضم کرچکی ہوتی اور آج یہاں کی صورتحال بھی دوسرے صوبوں کی طرح ہوتی۔ فارورڈ بلاک کے رہنماءاور ہمخیال گروپ کے صوبائی صدر میاں عطاءمحمد مانیکا نے کہا کہ گورنر راج کے خاتمہ کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کا کوئی جواز نہیں رہا تھا کہ یہ دوبارہ اس حکومت کا حصہ اور وزیراعلیٰ کے ساتھی بنتے جن کیخلاف سازشوں میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کی اپنی کیا حیثیت اہمیت ہے\\\' اس کا اندازہ خود پیپلز پارٹی کے اراکین کی آراءسے لگایا جاسکتا ہے جن کا کہنا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد یہ راجہ ریاض ہی تھے جو پاگلوں کی طرح وزیراعلیٰ کی چیئر پر واسکٹ لٹکا کر پاگل ہوتے نظر آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوںنے اپنا طرزعمل نہ بدلا تو گورنر راج کے دوران ان کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کیخلاف خیالات سے عوام کو آگاہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ اصولی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔ ہمیں کچھ ملے نہ ملے لیکن انہیں پنجاب حکومت پر اثرانداز نہیں ہونے دینگے۔

ای پیپر دی نیشن