لاہور (نامہ نگار) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر فریدکورٹ روڈ میں گرفتار ٹیکس نادہندگان کے لئے بنائی گئی حوالات پر ایپکا عہدیداروں نے قبضہ کر لیا اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ایپکا کے دفتر میں بدل دیا جبکہ ایپکا عہدیداروں نے گذشتہ روز ساڑھے دس بجے ہی موٹر برانچ آنے والے سائلین کو زبردستی دفتر سے نکال دیا اور وہاں دفتر کے افتتاح کا جلسہ منعقد کرنا شروع کر دیا جس سے موٹر برانچ آنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور گاڑیوں کی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں روپے سرکاری ریونیو کم اکٹھا ہوا۔ اس موقع پر تکرار کرنے پر دو شہریوں کی پٹائی بھی کی گئی۔ اس سلسلہ میں محکمہ ایکسائز حکام سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ مجبور ہیں اور پریشر گروپ ملازمین کو بلیک میل کرکے زبردستی یہ اقدام کر رہا ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی حوالات پر ایپکا عہدیداروں کا قبضہ
Sep 11, 2013