لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں ٹیکسٹائیل سیکٹرنے گزشتہ چار سالوں میں برآمدات کو 9 ارب ڈالر سے بڑھا کہ13 ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچا دیا جبکہ آئندہ 4 سالوں میں آپٹما نے برآمدات کو 26 ارب ڈالر تک پہنچانے کا روڈمیپ تیار کرلیا۔ یہ بات آل پاکستان ٹیکسٹائیل ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر گوھر اعجاز، انٹرنیشنل ٹریڈ کمپنی کے چیئرمین عامر فیاض، آپٹما پنجاب کے نئے چیئرمین ایس ایم تنویر، سنٹرل کمیٹی کے رکن علی احسان اور وائس چیئرمین وصال منوں نے لاہور اکنامک جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ارکان کو بریفنگ کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 26 ارب ڈالر کی برآمدات حاصل ہونے سے ملک میں ایک کروڑ افراد کو روزگار کے نئے مواقع حاصل ہونگے۔ جبکہ پاکستان کی مارکیٹ میں ہر سال 20 لاکھ افراد روزگارکے حصول کیلئے مارکیٹوں میں آتے ہیں۔ آپٹمانے بےروزگاری کے چیلنج کا مقابلہ کیلئے جوحکمت عملی بنائی ہے اس سے پاکستان نہ صرف خوشحال ہوگا بلکہ پاکستان کی معیشت بھی مظبوط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 2009 میں جب آپٹمامیں بزنس گروپ نے اقتدار سنبھالا تو ملک کی ٹیکسٹائیل کی برآمدات 9.6 ارب ڈالر تھیں جو آج بڑھ کر13.1 ارب ڈالر ہوگئیں اس طرح ان 4 سالوںمیں3.5 ارب ڈالر اور مجموعی طور پر 36 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ اس صورتحال میں ہوا جب ملک میں انرجی کا بحران، لا اینڈآرڈر کی خراب صورتحال، دہشت گردی اور دیگر قومی نوعیت کے مسائل موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائیل کی لیڈرشپ نے ٹیکسٹائیل ملوں کو چلانے کیلئے ان کے مسائل کو ترجیحی طور پر حل کیا جس کا نتیجہ پورے ملک کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائیل سیکٹر کی برآمدات میں30 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے اس میں پاکستان 10 سے 12 ارب ڈالر کا حصہ حاصل کرسکتا ہے اس کیلئے موجودہ پالیسیوں کو سرمایہ کار دوست بنانا اور انرجی کے بحران کو حل کرنا ہوگا۔
برآمدات 26 ارب ڈالر تک پہنچانے کا روڈ میپ تیار کرلیا: آپٹما
Sep 11, 2013