”نیٹوکنٹینرز کی چوری“ بابر غوری نے تحقیقاتی کمشن میں فریق بننے کیلئے درخواست دیدی

Sep 11, 2013

کراچی (وقائع نگار)سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری نے سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے دوران ڈی جی رینجرز سندھ کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات مسترد کردیئے ہیں۔ اس سلسلے میں سینیٹر بابر غوری نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 19ہزار نیٹو کنٹینرز گمشدگی سے متعلق تحقیقاتی کمشن میں فریق بننے کے لیے درخواست دائر کردی۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بابر غوری نے کہا کہ 30اگست کو سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی کیس میں ڈی جی رینجرز نے مجھ پر 19ہزار کنٹینرز غائب کرانے کا الزام عائد کیا اور یہ بات سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے میں بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کنٹینر بھی وزارت پورٹ اینڈ شپنگ غائب نہیں کرسکتی۔ وزارت کا کام صرف جہازوں کے انتظامی معاملات چلانے کا ہے۔ کنٹینرز کی کلیئرنس صرف اور صرف ایف بی آر کے ذریعہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینرز گمشدگی بھی ایک شوشہ ہے، جس طرح ایم کیو ایم کے اوپر جناح پور اور مہاجر ری پبلکن آرمی کے الزامات عائد ہوئے ہیں یہ بھی اسی طرح ایم کیو ایم کو ایک پروپیگنڈے کے ذریعہ ختم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو حد یہ ہوگئی ہے کہ اگر ملک میں ساس بہو کی لڑائی ہو جائے، سیلاب آجائے یا بارش ہوجائے تو اس کا الزام بھی ایم کیو ایم پر لگایا جاتا ہے۔ ہمیں تو ایسا لگتا ہے کہ پورا پاکستان دودھ کا دھلا ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی مرتب کردہ لسٹ میں ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت جن میں ڈاکٹر فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت کئی ارکان قومی اور سندھ اسمبلی کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں ٹھیک اسی طرح پاکستان میں بھی مہاجروں کو ختم کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں سمندر میں پھینک دے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بندرگاہ سے کنٹینرز کی گمشدگی کے حوالے سے تشکیل دیئے گئے کمیشن نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ اس مو قع پر سینیٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ڈی جی رینجرز ایک مخلص آدمی ہیں، ہماری ان سے کوئی لڑائی نہیں۔ انہوں نے 30اگست کو سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی کیس کے دوران لگائے گئے الزامات پر ایک تردیدی بیان بھی جاری کیا ہے لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے میں ان کی جانب سے دیئے گئے بیان میں یہ بات موجود ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ ڈی جی رینجرز ثبوت کے ساتھ عدالت میں حقائق پیش کریں۔

مزیدخبریں