نیٹو سپلائی پر ٹیکس لگایا جائے ‘ اے پی سی قرارداد میں ہمارے تمام نکات شامل کئے گئے : عمران

Sep 11, 2013

پشاور (ثناءنیوز + بی بی سی ڈاٹ کام) عمران خان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس نے ہمارے برسوں کے م¶قف کی تائید اور حمایت کی ہے اب اللہ سے دعا ہے کہ مذاکرات بھی کامیاب ہوں۔ ہمارے تمام نکات قرارداد میں شامل کئے گئے۔ برسوں سے کہتے چلے آ رہے ہیں کہ امن کا قیام مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے جس پر کبھی ہمیں دہشت گردوں کا حامی کہا گیا اور کبھی کچھ الزام لگا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اے پی سی میں سبھی جماعتوں نے وہی م¶قف اپنایا جو ہمارا تھا۔ خیبر پی کے میں تعلیم کے شعبے میں امیر غریب کا فرق ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور خواہش ہے کہ ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو۔ صوبے کے 29 ہزار سکولز کیلئے بیرون ملک مہم چلا کر پاکستانیوں سے خود فنڈز اکٹھے کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ” پڑھو اور زندگی بدلو“ کے نام سے سکول داخلہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے مسائل ایک چیلنج بن چکے ہیں، یہ چیلنج مشکل ہے تاہم ناممکن نہیں۔ صوبے میں اگلے مارچ سے یکساں نظام تعلیم رائج کر رہے ہیں تاکہ غریب اور امیر کے بچے کا فرق ختم ہو سکے، ہم نے خود ہی تعلیمی نظام کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اسلام کے نام پر بننے والے ہمارے ملک میں تعلیم کو تباہ کیا گیا۔ اسے ٹھیک کرنا اتنا آسان نہیں۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پی کے میں خواندگی کی شرح بڑھانے کے لئے ہر بچے کو سکول داخل کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ 26 لاکھ بچوں کو سکول میں داخل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے صوبے میں 28 ہزار سکول ہیں جن میں 23 ہزار پرائمری سکول ہیں لیکن ان سکولوں میں بنیادی سہولیات موجود ہی نہیں ہیں۔

مزیدخبریں