بہاولنگر: پسند کی شادی پر لڑکے کے والد‘ والدہ اور بہن کو قتل کر دیا

Sep 11, 2013

 بہاولنگر+چشتیاں(نما ئندہ نوائے وقت+نامہ نگار) چک 125مراد میں پسند کی شادی کی رنجش پر لڑکی کے بھائیوں نے دیگر چار ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے لڑکے کے والد، والدہ اور بہن کو قتل کر دیا۔ بہاولنگر تھانہ ڈاہرانوالہ کے علاقہ چک نمبر 125مراد کا رہائشی محمد اعجاز نامی نوجوان نے 3ماہ قبل دلشاد بی بی سے پسند کی شادی کی تھی جس کا لڑکی والوں کو رنج تھا۔ گزشتہ روز موقع پاکر لڑکی دلشاد بی بی کے دو بھائیوں زین اور محمد ناصر نے اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی فائرنگ کی زد میں آکر نوجوان محمد اعجاز کے والد محمد رفیق، والدہ سرداراں بی بی اور بہن نصرت بی بی شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئے۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے جس سے علاقہ میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو قبضہ میں لیکر تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا۔

مزیدخبریں