لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم قائد اعظم کے پاکستان کو ڈھونڈ رہی ہے، قائداعظم کے پاکستان پر آج ٹیکس چوروں اور لٹیروں کا قبضہ ہے، غریب آدمی روزگار اور ظلم کا شکار عوام انصاف کیلئے دربدر ہیں۔ انقلاب آ کر رہے گا اور قائد اعظم نے پسے ہوئے طبقات کیلئے جو خواب دیکھے تھے انہیں ضرور تعبیر ملے گی۔ وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم وفات کے موقع پر سنٹرل کور کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پسماندہ طبقات کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے بنا اور لاکھوں قربانیاں دی گئیں مگر آج پھر وہی طبقات مسلط ہیں جو قیام پاکستان سے قبل بھی کمزور طبقات کا استحصال کر رہے تھے۔ جب پاکستان بنا تھا تو اسکا کوئی ایک شہری بھی ایک پائی کا مقروض نہ تھا اور آج اس کا ہر شہری ایک لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ کرپٹ لیڈر شپ نے عوام اور اداروں کو ہی نہیں آئین کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے یہ بالادست طبقہ آئین کے صرف اس حصے پر عمل کرتا ہے جو انکے مفادات کو تحفظ دیتا ہے۔