گیس مزید مہنگی کرنے کیلئے غور کر رہے ہیں: چیئرمین اوگرا

لاہور(نیوز رپورٹر) چییرمین اوگرا سعیدا حمد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برس میں کے دوران گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کی وجہ سے سوئی ناردرن کے خسارے میں اضافہ ہو گیا ہے، اوگرا یکم ستمبر کو بھی گیس کی قیمتیں بڑھا چکی ہے، اب سوئی ناردرن نے جو نئی درخواست کی ہے اس پر غور کے بعد فیصلہ کرینگے کہ گیس کی قیمت مزید بڑھانے کی گنجائش ہے یا نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئی ناردرن کی طرف سے یکم جولائی2015 سے گیس کی قیمت میں 39روپے 55پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سعید احمد خان نے کہا کہ سوئی ناردرن بھی عوام کی کمپنی ہے ہم نے فیصلہ دیتے ہوئے یہ بھی دیکھنا ہے کہ کمپنی کام کرنا ہی نہ چھوڑ دے اور یہ چلتی رہے۔ ایل این جی کی قیمت مقرر کرنے میں حکومت اوگرا کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہی ہے، ہمیں پی ایس او سے کچھ کاغذات چاہئیں جو ملتے ہی ایل این جی کی نئی قیمت کا تعین کر دیا جائیگا۔ گیس کی قیمت کا تعین حکومتی معاہدوں کے تحت کیاجاتا ہے تاہم اس میں کروڈ آئل کی انٹر نیشنل قیمت کو بھی مدنظر رکھا جائیگا۔ یو ایف جی بنچ مارک کے لئے اوگرا ایک انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کر رہی ہے اور اس کہ سٹڈی دسمبر 2015 تک مکمل کرا لی جائیگی۔
اوگرا / گیس

ای پیپر دی نیشن