لاہور (خبر نگار) پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ 7 ستمبر کو شروع ہوا تھا مگر گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں امیدواروں نے خاص دلچسپی نہیں لی۔ البتہ گزشتہ روز ذرائع کے مطابق 2200 کے لگ بھگ افراد نے 34 ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے مگر کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں جوش اور ولولے کا فقدان تھا۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدواروں کا برملا یہ کہنا تھا کہ انہیں ابھی یقین نہیں ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہونگے۔ اس لئے کاغذات جمع کرا رہے ہیں کہ میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہئے۔ کئی امیدواروں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ 2014ءکی طرح اب بھی ہمارے پیسے ضائع جائیں گے۔ انہوں نے گلہ کیا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے میں سنجیدہ نہیں۔ امیدواروںکا کہنا تھا کہ انہیں حلقہ بندیوں کے بعد مناسب وقت نہیں ملا جس کی وجہ سے ووٹ دوسرے حلقوں میں ہیں۔ یہ امیدوار گزشتہ روز بھی الیکشن کمشن کے دفتر میں ووٹ تبدیل کرانے کی کوششوں میں مصروف دکھائی دیئے۔ کمشن کے عملے کا کہنا تھا کہ 26 اگست کے بعد درخواست دینے والے کا ووٹ تبدیل نہیں کر سکتے۔
بلدیاتی الیکشن