کراچی (صباح نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اس سال قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔پی آئی بی کالونی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر سینیٹر نسرین جلیل کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے شہریوں سے اپیل کی اس سال کھالیں ایدھی فانڈیشن، ایس آئی یو ٹی، چھیپا اور جعفریہ ڈیزاسٹر سیل کو دیں۔ انہوں نے کہا ہماری فلاحی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،2005 ءکا زلزلہ ہو یا سونامی یا افریقی ممالک میں درپیش انسانی المیے سے متعلق مسائل ہوں ایم کیو ایم نے ہمیشہ متاثرین کی مدد کی تاہم اب فلاحی ذمہ داریاں اور سرگرمیاں اللہ کے سپرد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں لوگ اپنی مرضی سے کھالیں دیا کرتے تھے تاہم گزشتہ برس ہم نے بڑی محنت سے کھالیں جمع کیں اور مرکزی کیمپ منتقل کر رہے تھے کہ ایک ادارے نے آکر یہ کھالیں ضبط کر کے کسی اور ویلفیئر ادارے کو دے دیں اس لیے اس سال ہم اپنی مرضی سے لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کھالیں کسی اور ادارے کو دے دیں تا کہ کسی کو کوئی ایشو نہ رہے۔ فاروق ستار نے رواں سال فلاحی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مخیر حضرات سے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے چلانے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا ہم دوسرے اداروں کو فلاحی کاموں کیلئے کھلا راستہ دے رہے ہیں۔ واضح رہے 1978 میں اے پی ایم ایس او کے قیام کے ساتھ ہی خدمت خلق کمیٹی قائم کی گئی تھی اور تب سے اب تک بلا تعطل خدمت خلق فاﺅنڈیشن اپنی فلاحی سرگرمیوں کے لیے کھالیں، زکوٰة ، فطرہ اور چندہ جمع کرتی آئی ہے لیکن اس بار متحدہ پاکستان کے فیصلے نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ مبصرین اس فیصلے کو بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر، ر¶ف صدیقی، شاہد پاشا و دیگر سے سنٹرل جیل میں ملاقاتیں کیں۔ فاروق ستار نے ملاقات میں کہا پے رول پر رہائی کی درخواست دے رہے ہیں مقدمات جھوٹے ہیں جلد آپ لوگ ہمارے ساتھ ہوں گے۔