گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے نندی پور پاور پلانٹ مشینوں کو سالانہ انسپکشن اور مرمت کیلئے بند کیا گیا ہے، دوبارہ 20 دنوں کے بعد یہ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ نندی پوری پاور پلانٹ کے سکیورٹی آفس سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، تمام ریکارڈ تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ سکیورٹی پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ 15 دن میں مکمل کر کے میڈیا کو پیش کر دی جائے گی۔ تحقیقاتی رپورٹ پر مزید کارروائی ایف آئی اے کرے گی۔ گزشتہ روز انہوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جائے واردات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ سے کیس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعدازاں گیپکو ہیڈکوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا نندی پور پاور پراجیکٹ میں ریکارڈ پھاڑے جانے کے واقعہ کی دو ٹیمیں تحقیقات کررہی ہیں، وقوعہ میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے، ایک سال کے دوران خریدے جانے والے اربوں روپے مالیت کے فرنس آئل کے فرانزک آڈٹ کا حکم دے دیا گیا ہے، انکوائری کے بعد ذمہ دار قرار پانے والے افراد کے خلاف کیس ایف آئی اے کو دیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا یہ حقیقت ہے نندی پور میں ریکارڈ کو ضائع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ریکارڈ جلایا نہیں گیا، اور ہمارے پاس تمام ریکارڈ کا تین جگہوں پر بیک اپ موجود ہے۔ انہوں نے کہا آئل کی خریداری سمیت نندی پور کے تمام معاملات کا مجموعی طور پر چار جگہوں پر ریکارڈ رکھا جاتا ہے، ایک جگہ سے ریکارڈ ضائع ہوگیا ہے تو باقی تین مقامات پر محفوظ ہے، تاہم آئل کی ایک سال تک کی جانے والی خریداری کا فرانزک آڈٹ کروایا جائےگا اور ہر ووچر کی چھان بین ہوگی۔ انہوں نے تسلیم کیا ریکارڈ پھاڑے جانے کے اس معاملہ کے بعد کچھ اور کیس بھی سامنے آئے ہیں تاہم انہیں فی الوقت میڈیا میں نہیں لایا جاسکتا، تحقیقات مکمل ہونے پر ہم ساری انکوائری رپورٹ میڈیا میں لائیں گے اور کسی قصوروار کا لحاظ نہیں کیا جائےگا۔ ریکارڈ پھاڑنے کے واقعہ میں دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا میں وزیر داخلہ سے درخواست کرتا ہوں، طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، طاہر القادری ’را‘ کا ایجنٹ ہے جو پاکستان میں انتشار پھیلاتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان پچھتر ہزار ٹیکس دیتے ہیں، بنی گالا اور زمان پارک کی آسائشیں کہاں سے پوری ہوتی ہیں، رائے ونڈ میں عمران خان کا لوگ پتھروں اور اینٹوں سے استقبال کریں گے، مسلم لیگ ن کے قائد کے گھر کے باہر دھرنا دینے سے کارکنوں کے جذبات مجروح ہوں گے، ہم ن لیگی کارکنوں کو کسی رد عمل سے نہیں روک سکتے، شیخ رشید شادی کے قابل نہیں رہے، قوم انہیں سیاست کے قابل بھی نہیں چھوڑے گی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عابد شیر علی نے دعویٰ کیا میرے ماموں طاہر القادری، انکے بیوی بچوں کو کپڑے دیتے، کھانے کا اہتمام کرتے، میرے ماموں نے انہیں ٹی وی بھی لاکر دیا۔ مسٹر کلین خود کو عدالتوں سے کلین کرائیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے نندی پور ریکارڈ پر خاموشی توڑ دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا نندی پور پاور پلانٹ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پاور پلانٹ سے تیل چوری چھپانے کیلئے ریکارڈ ضائع کیا گیا۔ واقعہ کی تحقیقات نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔ تحقیقات کو جلد منظرعام پر لایا جائے گا۔ تیل چوروں کی ریکارڈنگ ضائع کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔