پنجاب، بلوچستان کی سرحد پر، سکیورٹی فورسز کا آپریشن،8 دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

Sep 11, 2016

راجن پور/ چاغی/ پشاور/ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق راجن پور آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار قسمت اللہ شہید ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق 40 سے زائد شدت پسندوں کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔ 12 شدت پسند زخمی ہیں۔ چھوٹو گینگ کی باقیات اور دیگر دہشت گرد گروہوں کیخلاف عید کے بعد باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا جائیگا۔ راجن پور کے علاقوں گیانداری میں آپریشن کیا گیا ہیلی کاپٹروں سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں کی طرف سے بھی سکیورٹی فورسز پر بھاری اور جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ آپریشن خفیہ اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے متعلق رپورٹس پر کیا جا رہا ہے۔ راجن پور کے علاوہ مظفر گڑھ اور جنوبی پنجاب میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھی کارروائی کی جائیگی۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی سے کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے تعلق کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ لوگ علاقے میں موجود ایک کمپاو¿نڈ میں تھے حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ ہوا بعدازاں ان افراد نے ہتھیار ڈال دیئے۔ انکا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم سے ہے اور ان سے لٹریچر اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ادھر پشاور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں روجھان کے کچے کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ کارروائی قانون نافذ کرنےوالے اہلکار کی گرفت میں موجود ڈاکو غلام رسول عرف چھوٹو اور اسکے ساتھیوں کی نشاندہی پر کی گئی۔اے این این کے مطابق فورسز نے ہفتہ کی صبح 10 بجے چھ ہیلی کاپٹر وں کی مدد سے ٹھکانوں پر شیلنگ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد آسٹریلین کمپنی کی جانب سے اس علاقے میں لگائے جانے والے ایک ہزار میگاواٹ کے ونڈ پاور پلانٹ پر حملہ کرنا چاہتے تھے جبکہ ان کا ایک مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کو بھی متاثر کرنا تھا۔ واضح رہے کہ پنجاب کے حساس اضلاع میں رینجرز کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فوج، رینجرز و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے کومبنگ آپریشن کے بعد پولیس کا فیصل آباد بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ 417مشکوک افراد کو پکڑ کر بائیو میٹرک ویری فکیشن کی گئی۔ 96افراد گرفتار 321افراد کو رہا کر دیا گیا۔ کلاشنکوفوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات برآمد کرلی گئی، 3 مسلم لیگی یونین کونسل چیئرمینوں، صنعتکاروں کے ڈیروں اور ہوٹلوں کی بھی چیکنگ کی گئی۔ اسلام آباد پولیس نے حیدر آباد، رمنا اور گولڑہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 32 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔ بی بی سی کے مطابق پشاور میں سب ا نسپکٹر محمد ابراہیم کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد پولیس نے کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم واقعے میں ملوث افراد کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ سب انسپکٹر ابراہیم کو کل شام پھندو پولیس تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی نے ضلع وہاڑی کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا اور 90 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

مزیدخبریں