اشرف غنی کا پاکستان کے ساتھ مذاکرات پرپھر آمادگی کا اظہار: بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں: اردگان

آستانہ/کابل (آئی این پی) افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ مذاکرت پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرت کیلئے تیار ہیں۔ افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق صدر اشرف غنی نے قازقستان میں سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اشرف غنی نے کہاکہ افغانستان پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرت کیلئے تیار ہے۔کابل میں صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں کابل اسلام آباد تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک صدر طیب اردگان نے کہاکہ ترک حکومت پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ترکی افغان امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ افغان صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے افغانستان کی حمایت کی توثیق پر ترک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن