لاہور/ اسلام آباد (خبرنگار+ وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ فیصل آباد میں پیاز 100 روپے سے 120 روپے جبکہ ٹماٹر 140 روپے سے 150 روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے جبکہ اتوار بازاروں سے پیاز اور ٹماٹر غائب ہو گئے۔ ملتان میں پیاز 90 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 90 سے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہوئے۔ گوجرانوالہ میں پیاز 120 روپے اور ٹماٹر 140 روپے فی کلو میں فروخت ہوئے۔ کوئٹہ میں بھی سبزیاں مہنگی ہو گئیں۔ شہر میں عید سے قبل اور بعد میں پیاز 50 روپے کلو بیچی جا رہی تھی تاہم اب 20 روپے اضافے کے بعد پیاز کی قیمت 70 روپے ہو گئی۔ پیاز اور ٹماٹر مہنگے ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق پیاز اور ٹماٹرکی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ایک دن میں دونوں اشیاء ضروریہ کی قیمت میں ایک سو روپے فی کلو گرام اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں پیاز کی قیمت 60روپے فی کلوگرام جبکہ ٹماٹر 50 روپے کلوگرام تھا تاہم اتوار کو قیمتوں میں بہت تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور اتوار کے سستے بازار میں پیاز کی قیمت 100روپے فی کلوگرام جبکہ ٹماٹر پچاس سے بڑھ کر ڈیڑھ سو روپے فی کلو سے تجاوز کر گیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بارش اور بڑے پیمانے پر برآمد ہے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی عام بازاروں پر کنٹرول دور کی بات اتوار بازاروں میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں پر کنٹرول نہ کر سکی۔ بیشتر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ اتوار بازاروں میں ٹماٹر، پیاز، گوبھی، بند گوبھی موجود نہیں تھی۔ ٹماٹر کی قیمت 70 روپے مقرر کی گئی تھی کو عید سے آخری اتوار بازار سے 15 روپے زیادہ تھی مگر شادمان کے وی آئی پی بازار میں صرف چند پیٹی ٹماٹر 80 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہوا البتہ بازار کے باہر ریڑھی پر یہی ٹماٹر 120 روپے کلو بک رہا تھا۔ پیاز کی قیمت 28 روپے اضافہ سے 75 روپے کلو کر دی گئی مگر پیاز میسر نہیں تھی۔ بند گوبھی کی قیمت 40 روپے کلو مقرر تھی مگر بند گوبھی 60 اور 80 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی تھی۔ گوبھی کی قیمت 50 روپے مقرر کی گئی تھی مگر گوبھی دستیاب نہیں تھی۔ دیگر سبزیوں میں گھیا توری 5 روپے اضافہ سے 40، مٹر 5 روپے اضافہ سے 135، اروی 2 روپے اضافہ سے 25، شملہ مرچ 10 روپے اضافہ سے 65، شلجم 5 روپے اضافہ سے 50، میتھی 10 روپے اضافہ سے 75، لیموں دیسی 10 روپے اضافہ سے 110، کھیرا دیسی 5 روپے اضافہ سے 45، ادرک سنگاپور 5 روپے اضافہ سے 105، ادرک چائنہ 24 روپے اضافہ سے 170، ساگ 8 روپے اضافہ سے 20، گاجر 5 روپے اضافہ سے 35، گاجر چائنہ 2 روپے اضافہ سے 22 روپے ہو گئی۔ صرف 3 سبزیوں بھنڈی 5 روپے کمی سے 40، کھیرا فارمی 5 روپے کمی سے 60 اور لہسن دیسی 4 روپے کمی سے 110 روپے کلو ہو گئی۔ پھلوں میں کھجور 10 روپے اضافہ سے 120، آم انور لٹور 10 روپے اضافہ سے 130، انار قندھاری 15 روپے اضافہ سے 135، انگور سندرخانی 10 روپے اضافہ سے 170، انگور بدانہ 10 روپے اضافہ سے 100، سیب وانا 15 روپے اضافہ سے 65 اور سیب گاچہ دوم 10 روپے اضافہ سے 60 روپے کلو ہو گیا۔ چیکو کی قیمت 5 روپے کمی سے 80 روپے کلو ہو گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بعض سبزیوں خصوصا پیاز وٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا نوٹس لے لیا- وزیراعلیٰ نے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے وادارے اس ضمن میں فوری اقدامات کر کے قیمتوں کو اعتدال پر لائیں اور بعض سبزیوں خصوصاً پیاز و ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے- انہوںنے کہاکہ عوام کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا-