سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز میں ایک جیسے انتظامات ہیں: احمد خان، جہانگیر خانزادہ

Sep 11, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+خبر نگار+سٹاف رپورٹر) ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیو ںکو فروغ دینے کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے۔وہ آزادی کپ ورلڈ الیون ٹی 20سیریز 2017کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔کمشنر عبداللہ سنبل، ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف،سی ٹی او اعجازنے بھی میڈیا کو بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم میں تمام انکلوژرز پر ایک جیسے انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ تمام شہریوں کو ایک جیسی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مشترکہ کاوش سے صفائی و ستھرائی کے بہترین انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اسٹیڈیم کے اندر الیکٹرک کولر اور فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں تاکہ میچ دیکھنے والوں کے لئے ٹھنڈے پانی کا انتظام یقینی بنایا جا سکے۔سٹیڈیم کی حدود میںاشیائے خوردونوش کنٹرول ریٹ پر میسر ہوں گی۔ڈی آئی جی حیدر اشرف نے بتایا کہ میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات کوتسلی بخش بنانے کے لئے 19ایس پیز،45 ڈی یس پیز اور پولیس کے 6000اہلکار اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔نیز کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی لیول کی 4 درجاتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے ٹریفک ایڈوائزری پلان کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں ٹریفک کی روانی کو رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیا جا چکا ہے۔متبادل روٹس کی معلومات کے لئے لاہور کے شہری ٹریفک پولیس کی قائم کردہ ہیلپ لائن 15سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔سکیورٹی خدشات کی پیش نظر ایل این جی ،سی این جی گاڑیوں اور چنگ چی اور رکشہ وغیرہ کو پارکنگ میں کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچ دیکھنے والوں کے لئے ٹکٹس اور شناختی کارڈ ہمراہ لانا ضروری ہوگا تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی وزیر کھیل و امورنوجواناں جہانگیر شجاع خانزادہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد ہے کہ تمام شہریوں کی تفریح کو ممکن بنایا جا سکے اور اس حوالے سے اس میگا ایونٹ کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کوئی کمی نہیں رہنے دیں گے۔ ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسپورٹس بورڈکے تعاون سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 25بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور پی سی ہوٹل لاہور میں بھی 8بیڈز پر مشتمل ایک عارضی ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے ،جہاں ڈاکٹرز سمیت پیرا میڈکس کا عملہ موجود ہوگا۔ پریس بریفنگ کے اختتام پرترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کو کرکٹ کی بحالی کے لئے سول سوسائٹی اور میڈیا کی بھرپور معاونت درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون سے تما م جماعتوں کے اہم رہنماﺅں کو دعوت دی گئی ہے کہ پاکستان کا مثبت تشخص برقرار رکھنے کے لئے تما م گلے شکوے دور کرکے سب سے پہلے پاکستان کے نعرے کو بلند کرنا ہوگا۔ 

مزیدخبریں