خواتین ارکان اسمبلی کو عورتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے باحجاب ہونا چاہیے: کبیرعلی شاہ گیلانی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) یوم حجاب کے سلسلے میں عالمی چادر اوڑھ تحریک کے زیراہتمام ’’12ویں سالانہ عالمی حجاب کانفرنس‘‘ الحمراء ہال لاہور میں ہوئی جس کا آغاز امیر تحریک حافظ سید احمد مصطفین حیدر شاہ گیلانی مجددی کی جانب سے قرآن مجید کی آیات مقدسہ کی تلاوت سے ہوا۔ قرآن پاک کی تلاوت کے بعد حافظ علی گوہر نے بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کی۔امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک سید محمدکبیرشاہ گیلانی کا کہنا تھا کہ خواتین اراکین اسمبلی پاک سرزمین پر بسنے والی خواتین کی نمائندگی کرتی ہیں اس لئے انہیں باحجاب ہونا چاہیے۔ بیوٹی پارلر اور مارننگ شوز کی آڑ میں پھیلائی جانے والی بے حیائی سے نہ صرف ہماری نسلیں دین سے دور ہو رہی ہیں بلکہ گھروں کا سکون بھی برباد ہوچکا ہے۔ بے راہ روی کا سیلاب نسلوں کو بہا لے جارہا ہے۔ اس سیلاب کے سامنے بندھ باندھنے کیلئے اس کے خلاف ’’ملک گیر تحریک‘‘ چلائی جائے گی۔ سید محمدکبیر شاہ گیلانی، جسٹس ریٹائرڈ احمد فاروق شیخ‘ جسٹس ریٹائرڈ میاں نذیراختر غازی‘ ہائیکورٹ بار کے سابق صدر چودھری محمدشفقت چوہان‘ ڈائریکٹر جنرل اوقاف ومذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری‘ مذہبی سکالر خطیب جامع مسجد داتا علی ہجویری مفتی محمدرمضان سیالوی نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن