لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علما پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن میں آئندہ تین سال کے لئے پیر اعجاز احمد ہاشمی مرکزی صدر، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی مرکزی سیکرٹری جنرل اور صاحبزادہ قاری احمد میاں سینئر نائب صدر منتخب ہو گئے۔ جے یوپی کے مرکزی انتخابات کے لئے مرکزی شوریٰ کا انتخابی اجلاس جامعہ تعلیم القرآن ریلوے کیرج شاپ مغل پورہ لاہور میں منعقد ہوا۔ انتخابی عمل کی نگرانی الیکشن بورڈ کے چیئرمین پیر میاں عبدالخالق بھرچونڈی شریف نے کی۔ جے یو پی کے ترجمان کے مطابق شوریٰ کے انتخابی اجلاس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کے نومنتخب صوبائی عہدیداران کے علاوہ ملک بھر سے 200 سے زائد ارکان شوریٰ نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر نو منتخب مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست اسلام کے تابع ہے۔ جے یوپی 2018ءکے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ آئندہ ماہ سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کی جائے گی اور ضلعی و ڈویژنل سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔ عالمی امن کے لئے یمن، شام، عراق، افغانستان، فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا حل ضروری ہے۔ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کے لئے موجودہ حکومت کا پانچ سال پورے کرنا ضروری ہے۔ احتساب صرف ایک خاندان نہیں سب کا ہونا چایئے۔ پاناما پیپرز میں شامل 449 افراد کا احتساب کیوں نہیں کیا جا رہا۔ الطاف حسین کو انٹر پول کے ذریعے ملک میں لا کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔ ٹرمپ اور مودی کے پاکستان دشمن گٹھ جوڑ کے مقابلہ کے لئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ شوریٰ کے اجلاس کے اہم شرکا میں پنجاب کے صدر نور احمد سیال، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر، سندھ کے صدر مفتی ابراہیم قادری، جنرل سیکریٹری محمد شفیق قادری، خیبر پی کے کے صدر فیاض خان، جنرل سیکرٹری مولانا معراج الدین، بلوچستان کے صدر مولانا غلام عباس قادری، جنرل سیکرٹری ظہور الحسن شاہ کے علاوہ چوہدری محمد یعقوب، پیر میاں عبدالباقی، پیر سعید، مفتی ارشاد ، مفتی عبدالشکور، محمد علی برکاتی، رانا رحمت علی، مولانا محمد شریف سرکی، پروفیسر شاکر حمید، ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سید مظہر عباس، را¶ عظمت اللہ خان، رانا عبدالجبار، صاحبزادہ عزیز الرحمن حامدی، مفتی فضل جمیل رضوی، مولانا فضل قدیر شاہ، بشیر احمد نورانی، مولانا عبدالہادی، مشرف محمود قادری، قاری محمد عاشق فریدی، مولانا منظور احمد ساقی، قاری فیاض الحسن الازہری، حافظ محمد حسین، مولانا محمد عباس قادری اور دیگر شامل تھے۔
پیر اعجاز ہاشمی جمعیت علماءپاکستان کے صدر‘ شاہ اویس نورانی سیکرٹری جنرل منتخب
Sep 11, 2017