اسلام آباد ( آن لائن )اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کے پلانٹ پر23 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل کی صنعت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔آل پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم ای) کی رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل کی مقامی صنعت کی ڈائنگ اور پراسیسنگ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 51 فیصد ہائیڈروجن پرآکسائیڈ ڈیسکون آکسی کیم فراہم کر رہا ہے جبکہ ستارہ پرآکسائیڈ کا مقامی مارکیٹ میں حصہ 34 فیصد اور 16 فیصد طلب درآمدات سے پوری کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی پیداوار کے فروغ سے سالانہ 24 ملین ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جا سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری سے مقامی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔