راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جیل میں ملنے والے صحافی نے بیان میں کہا ہے مریم نواز جیل میں قید تنہائی میں ہیں انہیں صرف چہل قدمی کی اجازت ہے وہ صرف اتوار کو اپنے والد سے ملاقات کرتی ہیں۔ مریم نواز نے بتایا نواز شریف انہیں حوصلہ دیتے ہیں اور وہ نواز شریف کی ہمت باندھتی ہیں، اس سوال پر کیا وہ جیل سے لیڈر بن کر آئیں گی، مریم نواز نے کہا قسمت فیصلہ کرے گی، دیکھیں سیاسی حالات کہاں لے کر جاتے ہیں، شہباز شریف پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں، شہباز شریف کی سیاست نواز شریف کی سیاست سے مختلف ہے، پارٹی حالات کا انہیں زیادہ علم نہیں، اخبار کٹا ہوا اور ایڈٹ ہو کر ملتا ہے۔ مریم نواز نے کہا جواہر لعل نہرو نے تاریخ پر جو کتاب جیل میں لکھی تھی آج کل اس کا مطالعہ کر رہی ہوں، اس کے علاوہ پائولوکوئلو کی کتابیں پڑھ رہی ہوں، ضمانت ہو گی یا نہیں کے سوال پر مریم نواز نے کہا ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ معلوم تھا جیل ہو گی سزا جاننے کے باوجود واپس آئے، کوئی این آر او یا ڈیل نہیں ہوئی، ایسا کرنا ہوتا تو پہلے ہی کر لیتے، اپنی سیاست پر کوئی افسوس نہیں، ہم پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، ہم کوئی بھی مؤقف اختیار کرتے سزا ضرور ملتی۔
شہباز شریف کی سیاست نوازسے مختلف، نہرو پاولوکوئلو کی کتابیں پڑھ رہی ہوں: مریم نواز
Sep 11, 2018