راولپنڈی (آئی این پی) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے جھمرہ گاﺅں کا رہائشی شہید ہوگیا‘ پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔ بھارتی فوج کی طرف سے فائر کیا گیا ماٹرشیل لگنے سے جھمرہ گاﺅں کا رہائشی51 سالہ گفتار حسین شہید ہوگیا۔ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ دوسری طرف مقامی افراد کے مطابق میرپور سماہنی کے سرحدی گاﺅں جھمرہ میں بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر رات بھر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جب کہ فضا میں روشنی کے گولے بھی فائر کئے گئے۔بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ اور وہاں موجود گفتار حسین شہید ہوگیا۔
بھارت، فائرنگ