لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور محکمہ جنگلات کے باہمی اشتراک سے قومی شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے کی مہم کی خصوصی تقریب گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب حبیب الرحمن گیلانی نے اپنے دستِ مبارک سے محکمہ پی اینڈ ڈی کے پارک میں ’’گلِ مہر‘‘ (گولڈ مہر) کا سرسبز خوبصورت پودا لگا کر ’’ٹری پلانٹیشن ڈرائیو‘‘ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر عابد بودلہ، آغا وقار جاوید، صداقت حسین، خالد سلطان، ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل، ڈاکٹر محمد اشرف چیف ایگریکلچر پی اینڈ ڈی، مینیجنگ ڈائریکٹر انویسٹمنٹ کلائمیٹ ریفارم یونٹ ملیحہ بنگش، چیف کنزرویٹر فارسٹ ڈیپارٹمنٹ عبد الباسط، ڈپٹی سیکرٹری (پلاننگ ) طارق نسیم، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر لاہور محمد سلیم، پبلسٹی انچارج فارسٹ ڈیپارٹمنٹ محمد شریف ، محکمہ پی اینڈ ڈی اور جنگلات کے دیگر افسران و ملازمین اور میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں 3 ارب روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر نہ صرف 90 لاکھ پودے لگائے گی بلکہ شجر کاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات کے تمام منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19 میں بھی شامل کیا جائے گا۔
پی اینڈڈی اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے قومی شجر کاری مہم کی تقریب
Sep 11, 2018