صدر نیشنل بنک معطلی کیس‘ حکومتی جواب نہ آنے پر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی

Sep 11, 2018

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل بنک کے صدر سعید احمد کی معطلی کے خلاف درخواست پر وزارت خزانہ سے ایک ہفتے میں تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ تحریری جواب داخل نہ کرانے کی صورت میں آئندہ سماعت پر سیکرٹری خزانہ پیش ہو کر سوالوں کے جواب دیں۔ سعید احمد کی جانب سے بطور صدر نیشنل بنک معطلی کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ درخواست گزار سعید احمد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سعید احمد باقاعدہ کنٹریکٹ کے تحت نیشنل بنک کے صدر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ دوران ملازمت انہوں نے قانون و ضوابط کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی اورنہ کبھی ان کے خلاف کوئی محکمانہ انکوائری اور چارج فریم ہوا اور نہ ہی کوئی شوکاز کیا گیا۔ ان کو بغیر سنے ، بغیر کسی کارروائی اور الزام کے ان کی معطلی غیر قانونی ہے۔

مزیدخبریں