لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کو منجمند کرنا، رول بیک کرنا ملک کی 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان کی معاشی ترقی ہوئی ہے اس خطہ کی خوشحالی ہو گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے برآمدات میں اضافہ ہو گا اور صنعتی و زرعی ترقی ممکن ہوگی۔ سی پیک پاکستان کی عوام کے لئے اللہ کے فضل و کرم سے ایک تحفہ ہے اور ہمیں کفران نعمت نہیں کرنا چاہئے۔ بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالہ سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں قیمتوں میں اضافے کی خبریں اور بیانات شائع ہوئے جس کے بعد میں نے پریس کانفرنس کی۔ دوسری جانب فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی بحران سے چین کا اعتماد متاثر ہوا ہے، اگر سی پیک کو ختم یا تعطل میں ڈالا گیا تو ملکی معیشت کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ ختم نبوت، مدارس کی حیثیت اور مسئلہ قادیانیت پر کل جماعتی کانفرنس بلائیں گے۔ پاکستان چین دوستی پہلی بار اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوئی ہے، تمام پارٹیوں اور دینی جماعتوں سے رابطہ کرکے کل جماعتی کانفرنس بلائیں گے، ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکا نہ دیا جائے۔ آج کس طرح مدارس کی حیثیت کو ختم کرنے کی بات کی جا رہی ہے، قادیانی مسئلے پر قوم کو متحرک کیا جائے گا، ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا۔
شہبازشریف/فضل الرحمان
سی پیک منجمد‘ رول بیک کرنا 22 کروڑ عوام سے زیادتی ہو گی : شہبازشریف
Sep 11, 2018