تہران (این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی کے معاون اور تحفظ ماحولیات تنظیم کے سربراہ عیسیٰ کلانتری نے ایک سال قبل گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پررکھے گئے 12 انسانی حقوق کارکنوں کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہارکیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اْنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا وہ ان بارہ کارکنوں کو منظرعام پر لائیں جنہیں ایک سال قبل حراست میں لینے کے بعد کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔نہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ انہیں رہا کیا جائے یا انہیں پھانسی دی جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے بارے میں معلومات دی جائیں کہ اْنہیں کہاں رکھا گیا ہے اور وہ کس حال میں ہیں۔ وہ ایران کے شہری ہیں اوریہ ان کا حق ہے کہ ان کے بارے میں تمام معلومات ان کے اقارب کے پاس بھی ہوں۔