اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں پی ٹی وی پروگرام میں پاکستان کا غلط نقشہ نشر ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین مجلس قائمہ نے کہا کہ پاکستان کا غلط نقشہ نشر کرنے پر چند چھوٹے ملازمین کو قربان کردیا گیا۔ ان ذمہ داروں کو کیوں نہیں پوچھا گیا جو لاکھوں میں تنخواہیں لے رہے ہیں۔ اجلاس میں ایم ڈی پی ٹی وی کے خط کی بھی باز گشت سنی گئی اور کہا گیا کہ انہوں ایک ایسا خط لکھا جس میں ماتحت ادارہ ہونے کے باوجود وزارت اطلاعات کو چیلنج کیا۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ انہیں یہ خط نہیں لکھا جانا چاہئے تھا۔ پی ٹی وی ریڈیو نیم خود مختار ضرور ہیں مگر سیکرٹری اطلاعات کے تحت آتے ہیں۔ شاید ایم ڈی کو پوری طرح رولز کا علم نہیں تھا۔ چیئرمین مجلس قائمہ نے کہا کہ جو بھی رولز توڑے اس پر ایکشن لیں، یہ ایم ڈی دوہری شہریت بھی رکھتا ہے اور اتنا لاڈلا ہے کہ اس کے خلاف ایکشن نہیں ہوسکتا۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا معاملہ عدالت میں تھا اس لئے کوئی ایکشن نہیں لیا،عدالت سے فیصلہ ہوجائے تو پھر ایکشن کا دیکھیں گے۔ چیئرمین کمیٹی کی جانب سے ارکان کمیٹی نفیسہ شاہ اور مریم اورنگزیب سے بار بار مشورہ کرنے پر پی ٹی آئی کے فرخ حبیب نے کہا کہ آپ کلیم اللہ اور سلیم اللہ والا کھیل کھیل رہے ہیں، ہمیں بھی بات کرنے کا موقع دیں، آپ مجھے علیم اللہ سمجھ لیں۔ فرخ حبیب کی بات پر کمیٹی میں قہقہے لگ گئے۔