اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ بھارت میں اسلامو فوبیا پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے خطرہ ہے۔ تبلیغی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی مسلم دشمن پالیسیوں کا حصہ ہے۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ چینی سرحد پر بھارتی اقدامات قابل تشویش ہیں۔ بھارتی اقدامات پڑوسیوں کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارت چین تنازعہ کو معاہدوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ہندوستانی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جاری ہیں۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کررہا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر طویل عرصے سے موجود ہے۔ مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کو مختلف بندشوں اور پابندیوں کا سامنا ہے۔ بھارتی قابض فوج نہتے کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں نشانہ بنا رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی جبکہ ہندوستان کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ہندوستان ایسے اقدامات سے عالمی برادری کی مقبوضہ وادی کے حالات سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔ 5 اگست 2019 کے بعد سلامتی کونسل کا کشمیر سے متعلق 3 بار اجلاس ہو چکا ہے۔ ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔