کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سندھ کے صدرسیدشاہ محمد شاہ نے پارٹی صدر شہبازشریف اور ان کی صاحبزادی کی نیب پیشی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والے آج بیٹیوں کے ہمراہ عدالتوں میں دربدر ہورہے ہیں۔جمعرات کو جاری بیان میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ قوم کے کھربوں ہڑپ کرنے، آٹاچینی چور ایوانوں میں بیٹھے سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔پیغام دیاجارہا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو اس توہین کا سامنا کرنا ہوگا۔نوازشریف، شہبازشریف نے کھربوں کے منصوبے لگائے، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی ۔انہوںنے کہا کہ اپنی اور اپنی کابینہ کی اربوں کی کرپشن پر عمران صاحب مطمئن ہیں۔شہبازشریف نے عوام کے پیسے کوامانت سمجھ کر پائی پائی خرچ کی۔شہبازشریف جب یہ فیصلے کررہے تھے تو اس وقت ذاتی کاروبار کو نقصان پہنچ رہا تھا۔شہباز شریف نے عوام کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کے استعمال کی۔آج عوام کا اربوں لوٹنے والے بے شرم ایوانوں میں بیٹھے ہیں اور عوام کے پیسے امانت سمجھنے والوں اور بیٹیوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شہبازشریف اور انکی صاحبزادی کی نیب پیشی افسوسناک ہے ،شاہ محمد شاہ
Sep 11, 2020