لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب نے لاہور میں سابق ایکسائز انسپکٹر کے گھر چھاپہ مار کر 33 کروڑ روپے کی رقم اور پرائز بانڈ برآمد کر لئے۔ نیب لاہور کے مطابق ملزم خواجہ وسیم کو گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ملزم کے نام 22 کروڑ کے اثاثوں کے شواہد ملے۔ اہلیہ کے نام 19 کروڑ نقد اور پرائز بانڈ ہونے کے شواہد ہیں۔ ملزم نے ایمنسٹی کا فائدہ اٹھا کر کروڑوں روپے وائٹ کرائے۔ درحقیقت ملزم ایمنسٹی کا فائدہ اٹھانے کا اہل ہی نہ تھا۔ پانچ سال میں 22 کروڑ کا سرمایہ بیرون ملک منتقل ہوا۔ ملزم خواجہ وسیم اپنے ذرائع آمدن ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور میں گریڈ 16 کا ملازم تھا۔