30دسمبر سے پہلے ن لیگ2دھڑوں میں تقسیم ہوجائیگی،شیخ رشید 

Sep 11, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو آگے لیکر جائیں گے، یہ سال ہماری حکومت کاخدمت کا سال ہوگا ملک اور عوام کی خدمت کی جائے گی، انہوں نے پیش گوئی کی کہ 30دسمبر سے پہلے ن لیگ تقسیم ہوجائے گی ، ن لیگ سے ش لیگ الگ ہو جائے گی۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مزید برے حالات آ رہے ہیں۔30دسمبر تک اپوزیشن کے حالات خراب ہوں گے، نواز شریف سیر سپاٹے کر رہے ہیں واپس آنے کو تیار نہیں، مریم نواز کی ساری سیاست لندن جانے کیلئے ہے ان خیالات کا اظہار  انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے ش لیگ الگ ہو جائے گی۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مزید برے حالات آ رہے ہیں،30دسمبر تک اپوزیشن کے حالات خراب ہوں گے،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن برے حالات سے دوچار ہوں گی، فضل الرحمان جلسہ جلسہ کھیلیں گے، اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش، کچھ بھی نہیں ہوگا،حزب اختلاف کی جماعتوں متفق نہیں ہیں یہ حکومت خلاف کوئی بڑا قدم نہیں اٹھا سکتے، شہبازشریف لیگ الگ ہونے سے بھی عمران خان کی حکومت کوئی خطرہ نہیں ۔ مریم نواز کی سیاست صرف لندن جانے تک  کی بات پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی کوشش ہے کہ باہر جانے دیا جائے۔ نوازشریف نے نہیں آنا تھا نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت 3سال مزید عوام کی خدمت کرے گی۔کراچی پیکج پر  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کراچی میں وہی کیا جو ملک کا تقاضا ہے، مرکز اور صوبے کو ایک جگہ بٹھانے میں فوج کا کلیدی کردار ہے، ہمیں اب اس بات پر لڑنا نہیں چاہئے کہ ایک روپے کس نے لگائے 2 روپے کس نے لگائے۔ٓئندہ سال خدمت کا سال ہوگا۔

مزیدخبریں