میر پور خاص (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بارش سے ہونے والے نقصانات سے سب واقف ہیں۔ اب وزیراعظم آئیں تو انہیں جانے نہیں دینا۔ عمران خان سندھ آئیں اور عوام کی مدد کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں آئیں۔ شاہ محمود ہمیشہ مریدوں سے لیکر جاتے ہیں اب وقت ہے اپنے وزیراعظم کو یہاں لائیں۔ بلاول بھٹو نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وطن کارڈ اور سیلاب کارڈ لیں۔ کارڈ ملنے تک شاہ محمود قریشی کو جانے نہ دیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کی مذمت کی ہے ،بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی اور سینٹ پارلیمان میں تحریک پیش کرچکے ہیں۔ خاتون کی بچوں کے سامنے زیادتی انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔ ظلم کی شکار خاتون کی قانونی اور اخلاقی مدد کی جائے واقعے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر عبرت ناک سزا دلوائی جائے، دریں اثناء پی پی پی کے پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ دل دہلا دینے والے واقعہ کے مجرمین نشان عبرت بننے چاہئیں۔ خاتون سے زیادتی کے مجرمین کو 24 گھنٹے میں گرفتار کیا جائے۔