9 ستمبر کو با ضابطہ طور پر حکومتی سطح پر ہاکی کا قومی دن قرار دیا جائے ، کنور ایوب 

Sep 11, 2020

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی کی سنہری تاریخ ہمیں یکجہتی اور جہد مسلسل کا درس دے رہی ہے،9 ستمبر کو با ضابطہ طور پر حکومتی سطح پر ہاکی کا قومی دن قرار دے کر منایا جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے زیر اہتمام ہاکی کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے مہمان خصو صی کنور ایوب ڈائریکٹر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس نے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی ہاکی پر بے تاج بادشاہ کی حیثیت سے راج کیا ہے اور ایک سنہرا دور گزارا ہے ۔ کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے کہا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی نے روم اولمپک کی فتح کی یاد زندہ کر کے قوم کی دلوں میں ہاکی سے محبت کو ایک بار پھر تازہ کر دیا ہے ہم سب مل کر پاکستان میں اپنے ہیروز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے  ہیں۔ سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم نے کہا کہ پاکستان بھر میں ہاکی کی خدمات کے ضمن میں پی آئی ایچ کی کار کردگی شاندار ہے ۔ انہوں نے 9 ستمبر کو ہاکی کے قومی دن کے مطالبے کو درست قرار دیتے ہو ئے حمایت کا اعلان کیا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و اعزازی سیکریٹری پرو فیسر راؤ جاوید اقبال نے کہا کہ ہم نے ہاکی کے سنہرے دور کی یادوں کے چراغ روشن کر دیئے ہیں اب اس روشنی سے فائدہ اُٹھایا جا نا چاہئے ۔ہم ملک کے طول و عرض اور بیرون ممالک ڈھائی سو سے زائد مقامات پر ہاکی کا قومی دن منا کر پاکستان ہاکی کی تاریخ میں ایک نیاباب رقم کر دیا ہے ہم حکومت وقت اور ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 ستمبر کو با ضابطہ طور پر حکومتی سطح پر ہاکی کا قومی دن قرار دے کر منایا جائے ۔ تقریب سے ،حاجی غلام محمد ،معروف گلو کار افراہیم ، سجاس کے صدر آصف خان ،معروف صحافی وہاکی مبصر ریاض الدین ،سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کے خالد رحمانی ، پی آئی ایچ کے صدر زاہد شہاب ، چیئرمین رانا مشتاق احمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر کئی پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا اور اس دن کی مبارکباد دی گئی ۔ تقریب میں پی آئی ایچ اکیڈمی میلسی سے خصو صی شر کت عبد الرحمن اور ان کے رفقاء ،پی اے سی سی کے صدر مخدوم علی ریاض ، ہاکی امپائر یونس صدیقی ،ڈراما رائٹر خالد شیخ ، اسکواش کے اسد عباد ،معروف گلورکار امجد رانا ، سندھ وومن ہاکی ایسو سی ایشن کی سیکریٹری ارم بخاری ، جوڈو کی گولڈ میڈلسٹ کنزہ بلوچ ،کرکٹ کے کوچ فیضان باقر نقوی ، پرو فیسر خالد منیر ، الصغیر ہاکی کلب کے سیکریٹری عظمت پا شا ، روشن دنیا ویلفیئر کی چیئرمین طلعت ، ڈاکٹر حمیرا ، ربینہ ناز ، پی آئی ایچ کے وائس چیئرمین اکرم قائم خانی ، امبر نذیر ، عاطف نور اور اسلام اللہ بھی موجود تھے ۔

مزیدخبریں